ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عتیق احمد سخت سیکوریٹی میں الہ آباد جیل منتقل۔ آج اُمیش پال اغوا کیس کاسنایا جائے گا فیصلہ

عتیق احمد سخت سیکوریٹی میں الہ آباد جیل منتقل۔ آج اُمیش پال اغوا کیس کاسنایا جائے گا فیصلہ

Tue, 28 Mar 2023 11:37:59    S.O. News Service

لکھنؤ،28/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) یوپی پولیس نے  سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کو لے کر الہ آبادکے  نینی جیل  منتقل کردیا ہے جہاں انہیں  ہائی سیکوریٹی  والے بیرک میں  رکھا گیا ہے۔ان کے ساتھ ہی ان کے بھائی اشرف کو بھی بریلی کی جیل سے الہ آباد کی جیل میں  منتقل کردیاگیا ہے۔ دونوں بھائیوں کو منگل کو ایم پی ایم ایل اے کورٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں  امیش پال اغواء کیس میں فیصلہ سنایا جائے گا۔ 

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  عدالت کے حکم پر گجرات کے سابرمتی جیل  سے عتیق احمدکوالہ آباد لانے کیلئے دو آئی پی ایس افسر اور تقریبا ۵۰؍ پولیس اہلکاروں کی ٹیم گئی تھی۔ اتوار کی شام تقریباً۵؍بجے  پولیس ٹیم عتیق احمد کو  لے کر الہ آباد کیلئے روانہ ہوئی۔یہ قافلہ  راجستھان اور مدھیہ پردیش ہوتے ہوئے اتر پردیش کی سرحد میں داخل ہوا ۔اس دوران جس گاڑی سے عتیق احمد کو لایا جا رہا تھا مدھیہ پردیش کے شیو پوری علاقہ میں وہ گاڑی  ایک  جانور سے ٹکرا گئی تھی  جس سے کچھ  دیر کیلئے افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا تھا اس حادثہ میں گائے زخمی ہو گئی۔ قافلہ شیو پوری علاقہ میں کچھ دیر کے لئے رکا جہاں عتیق احمد کو چائےناشتہ کرایا گیا۔

  اس دوران میڈیا نے ان کو گھیر لیا ، میڈیا کے سوالوں کا بھی عتیق احمد نے مختصر جواب دیا۔ خوف کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عتیق احمد نے الٹا سوال کیا کہ ’’کیسا خوف؟‘‘  عتیق احمد کو لانے والے قافلے میں پولیس کی گاڑیاں تھیں مگر اس کے ساتھ ہی کچھ دوسری گاڑیاں  بھی  چل رہی تھیں۔   ان   میں سے   ایک میں عتیق احمد کی بہن موجود تھی۔


Share: